ختم نبوت پرسیاست نہیں، بلکہ ختم نبوت کیلئے سیاست کررہے ہیں: اشرف جلالی


 لاہور (24 نیوز): تحریک لبیک یارسول اللہ کا دھرنا ساتویں روز بھی جاری، ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کہتے ہیں ختم نبوت پر سیاست نہیں کررہے بلکہ ختم نبوت کے لیے سیاست کررہے ہیں۔

 

تحریک لبیک یارسول اللہ کا دھرنا ساتویں روز بھی جاری رہا، دھرنے میں نبی پاک ﷺکی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت بھی پیش کیا جاتا رہا، مقررین نبی پاکﷺ کی سیرت پر روشنی بھی ڈالتے رہے۔ نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ختم نبوت پر یقین رکھنے والا کوئی سیاستدان بیٹھا ہوتا تو اس طرح ختم نبوت پر حملہ نہیں ہوتا۔ وزیرداخلہ اگر کچھ پڑھ لیتے تو بہتر تھا پھر انہیں یہ نا کہنا پڑتا کہ علماء فتوے لگاتے ہیں۔

 

ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے طلال چودھری کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ طلال چودھری کہتے ہیں کہ جلالی صاحب معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، طلال چودھری مناظرہ کرلیں حکومت معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے میں ثابت کروں گا، طلال چودھری میڈیا پر جھوٹ بولنا بند کرے۔ دھرنے میں شرکاء نے ڈاکٹر اشرف جلالی کی امامت میں نماز جمعہ بھی ادا کی۔