حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن پاکستان میں عقیدت واحترام سےمنایا جارہا ہے


  لاہور (24 نیوز): سرورِ کونین، رحمت اللعالمین، آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن پاکستان سمیت دنیا بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

 

سرکار کی آمد مرحبا، دلدار کی آمد مرحبا، سرکار دو عالم حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، شہر شہر قریہ قریہ ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، کوچہ کوچہ رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا، درود و سلام کی صداؤں سے فضائیں معطر ہو گئیں، آقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

 

عید میلاد النبیؐ پر مساجد، سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں، گھر، بازار، مارکیٹیں برقی قمقموں اور خوبصورت جھنڈیوں سے سجائی گئیں ہیں۔ گلی محلوں میں بھی خصوصی سجاوٹ ہے، پہاڑیاں، مسجد نبوی کے ماڈلز توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر ملک بھر میں ریلیاں اور تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔