3 کروڑ 69 لاکھ افراد ایڈز کا شکار

3 کروڑ 69 لاکھ افراد ایڈز کا شکار


اسلام آباد(24 نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ایڈز سے بچاوٴ کا دن منایا جارہا ہے، دن کےحوالے سے وزارت صحت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان لانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے ذریعے اس خطرناک مرض پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ایڈز سے بچاؤ کا عالمی دن، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ابتک اس بیماری سے 3کروڑ 40لاکھ افراد لقمہ جل بن چکے ہیں، 2018 میں 13 لاکھ افراد اس بیماری سے موت کےمنہ میں چلے گئے تھے، اس وقت دنیا بھرمیں مریضوں کی تعداد 3کروڑ 69لاکھ ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

ایڈز کے عالمی دن پر وزارت صحت کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ایڈز کے عالمی دن پر نیشنل ایکشن پلان کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ لاڑکانہ میں ایڈز کا معاملہ سامنے آیا تو وفاق اور صوبائی حکومت نے سیاسی اختلاف بھلا کر مل کر کام کیا، تحقیقات میں سامنے آیا کہ ستر فیصد بیماری استعمال شدہ سرنج سے پھیلی۔

ایڈز کے عالمی دن پر ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بصیر اچکزئی کا کہنا ہے کہ مناسب وقت پر تشخیص اور ادویات سے ایڈز پر قابو پایاجاسکتا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر طفر مرزا نے مزید کہا کہ آئندہ سال کے وسط میں ملک کے تمام اسپتالوں میں خود بخود ضائع ہونے والی سرنجز استعمال ہوں گی۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer