حکومت نے عوام پرپھرپٹرول بم گرادیا


اسلام آباد(24نیوز) حکومت نے عوام پرپھرپٹرول بم گرادیا ، عوام اورسیاسی رہنما چیخ اٹھے،ٹرانسپورٹ مالکان بھی پیچھے نہ رہے،کرائے بڑھا دیئے،قیمتوں میں اضافہ لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، عوام نے اضافہ مسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کرکے الٹی گنگا بہائی جارہی ہے،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی جبکہ پاکستان میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے، فروری کیلیے پیٹرولیم منصوعات کی قیمت میں اضافہ۔۔ایک دونہیں بلکہ پانچ روپے تک کا اضافہ کیا گیا۔
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے عوام کو ایک اور تحفہ دے دیا، عوام کا پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ پرشدید غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ شہری پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نالاں ہیں۔
وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ پٹرول دوروپے98 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل5 روپے 92 پیسے، مٹی کاتیل5 روپے 94 پیسے اورلائٹ ڈیزل 5 روپے 93 پیسے مہنگا کردیا گیا۔
پٹرولیم مصنوعات میں اضافے پرعوام اور سیاسی رہنما چیخ اٹھے۔فیصلے کوعوام نے مستردکردیا،،پشاورکی عوام نے احتجاجا پٹرول کی خریداری کم کردی۔ٹرانسپورٹ مالکان نے کرائے بڑھا دیئے۔جس سے عوام پر ایک اور بوجھ پڑ گیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیا۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے متفرق درخواست میں وفاقی حکومت ، اوگرا،سمیت دیگر کو فریق بنایا،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اوگرا کے پاس پیٹرولیم مصنوعات پر سترہ فیصد سے زائد سیلز ٹیکس لگانے کا قانونی اختیار نہیں۔