پاکستانی حکومت کو کشمیر کی آزادی کیلئے عزم ظاہر کرنا چاہیے: مشال ملک

پاکستانی حکومت کو کشمیر کی آزادی کیلئے عزم ظاہر کرنا چاہیے: مشال ملک


لاہور (24 نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ میرا کشمیر کی آزادی پر مکمل یقین ہے، انشاءاللہ کشمیر ضرور آزاد ہو گا جبکہ پاکستانی حکومت اور عوام کو کشمیر کی آزادی کے لئے مضبوط عزم ظاہر کرنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب میں حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرا کشمیر کی آزادی پر پورا یقین ہے جبکہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو کشمیر کی آزادی کیلئے مضبوط عزم ظاہرکرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ لاکھ بھارتی فوج پیلٹ گنز کے باوجود ہمت ہار رہی ہے جبکہ کشمیری نوجوان لاپتہ، شہید اور بہت سی خواتین کا مقبوضہ کشمیر میں ریپ کیا جارہا ہے۔ مشال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کو جیل میں زہریلے ٹیکے لگائے جاتے ہیں اور حراست کے دوران جسمانی اور ذہنی طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ دوسری طرف علی گیلانی کو معمر ہونے کے باوجود مسلسل نظر بند کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ ہے اور صرف پانچ فروری ہی نہیں پورا سال کشمیر ایشو پر آواز اٹھنی چاہیے۔ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے حل کیلئے پورے پاکستان میں دستخطی مہم چلا رہی ہوں۔