عمران خان کی نہال ہاشمی کیخلاف فیصلے پر سپریم کورٹ کو مبارکباد


اسلام آباد (24 نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے نہال ہاشمی کے خلاف فیصلے پر سپریم کورٹ کو مبارکباد دے دی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے نہال ہاشمی کے خلاف فیصلے پر سپریم کورٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی نے اعلیٰ عدلیہ کی توہین اور ان کے خاندان کو دھمکیاں دیں، یقین دلاتا ہوں پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ ہے۔ شریفوں اور ان کے درباریوں کی توہین آمیز اور گندے رویے کو کوئی وزن نہیں دینا چاہیے۔

نہال ہاشمی کو سزا دینے کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی نے کسی ایک شخص کو نشانہ نہیں بنایا تھا بلکہ پورے نظام کو دھمکی دی تھی، جبکہ شیریں مزاری نے نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے سینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کیس میں 5 سال کے لیے نااہل، ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تو پولیس نے سینیٹر نہال ہاشمی کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔