شدید سردی،برفباری نے تباہی مچادی،امریکہ میں21ہلاک



واشنگٹن( 24نیوز )امریکہ میں بارشوں اور برفباری نے تباہی مچادی ، سرد ترین موسم، یخ بستہ ہواؤں اور برف باری کا سلسلہ تاحال جاری ہے، پانی کی لائنیں جم گئیں اور گیس کی فراہمی معطل ہوگئی، شدید سردی کی لہر سے ہلاکتوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی۔ٹرین سروسز معطل اور دو ہزار سے زائد پروازیں منسو خ،کینیڈا میں درجہ حرارت منفی 40 تک گرگیا، جاپان میں طیارہ برفباری کے باعث رن وے سے اترگیا۔

پاکستان  میں بھی  رکارڈ توڑ سردی پڑ رہی ہے،کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا تیسرا روز ہے۔ مری ،وادی نیلم ،لیپہ اورکشمیر میں برفباری سے تمام رابطہ سڑکیں بند ہو  گئی ہیں ، ٹیلی فون اور بجلی کا نظام درہم برہم، ایبٹ آباد کے علاقے ٹھنڈیانی میں تین فٹ تک برفباری رکارڈ کی گئی ،بگروٹ، گوپس، اسکردومیں درجہ حرارت منفی10، کالام، استور منفی07، مالم جبہ منفی05 رکارڈکیا گیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکامیں شدید برفباری کی وجہ سے لوگ گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے اور ہزاروں افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئے جب کہ ٹھنڈ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی۔

 برفیلی ہواؤں کے باعث صرف ایک روز کے دوران شکاگو میں مزید 9 اموات ہوئیں، الی نوائے میں برفیلی ہوا کا شکار معمر شخص گھر کے دروازے پر دم توڑ گیا جب کہ ریاست انڈیانا میں گاڑی برف میں دھنسنے سے نوجوان جوڑا موسم کی شدت سے ہلاک ہوگیا۔

اسی طرح شکاگو میں برفیلے طوفان سے ایک شخص ہلاک، ملواکی میں ایک شخص گیراج میں منجمد ہوگیا، سرد ہواؤں کی زد میں آکر ڈیٹرائٹ میں 70 برس کا شخص پڑوسی کے دروازے پر دم توڑ گیا۔خون جماتی سرد ہوا کا شکار یونیورسٹی آف آئیوا کے طالبعلم کی لاش ہال سے برآمد ہوئی جب کہ مشی گن میں بھی عمر رسیدہ شخص سرد ہواؤں کا سامنا نہ کرسکا جس کی لاش محلے سے برآمد ہوئی۔

 ریاست آئیوا میں درجہ حرارت منفی 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا اور خراب موسم کی وجہ سے 2 ہزار 300 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

برطانیہ کےسکاٹ لینڈ میں درجہ حرارت منفی 14 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے بھی درجنوں پروازیں منسوخ، ڈیون میں شاہراہ پر 100 سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں، مسافر برف باری میں کھلےآسمان تلے رات گزارنے پر مجبور رہے،ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہونے امکان ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer