سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی نااہلی ختم کردی


اسلام آباد(24نیوز) سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف تاحیات نااہلی سے بچ گئے، الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی، سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے مختصر فیصلہ سنا دیا، خواجہ آصف نے اپنے حق میں فیصلہ آنے پر عدالت کا شکریہ ادا کیا۔
 
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے متحدہ عرب امارات کا اقامہ رکھنے پراسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی، دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے خواجہ آصف کو  اقامہ رکھنے کی بنیاد پر 26 اپریل کو  تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔

خواجہ آصف نے نااہل قرار دینے کے فیصلہ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی تھی،جس کے بعد آج کیس کی سماعت ہوئی جس میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ نے سماعت کی۔

پڑھنا مت بھولیں: العزیزیہ مل کے مالک نواز شریف نہیں ہیں، جے آئی ٹی سربراہ

سماعت کے شروع میں تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کے وکیل سکندر بشیر مہمند نے کہا کہ سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کی مدت بطور کابینہ ممبر کا ریکارڈ جمع کروایا ہے اور ان کا حلف بطور وزیر دیکھ لیا جائے۔ وکیل نے کہا کہ حلف یہ اٹھایا کہ وہ ذاتی مفاد کو خاطر میں نہیں لائیں گے لیکن وہ وزیر ہوتے ہوئے بیرون ملک ملازم بھی رہے ۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے فیصلہ سنا دیا جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سابق وزیر خؒارجہ کو اہل قراردیا، جس کے بعد اب وہ الیکشن لڑ سکیں گے۔

فیصلے پر درعمل میں خواجہ آصف کا کہناہےکہ اللہ نے مجھ عاجز اور گناہ گار پر رحم اور کرم کیا ہے،  رب العزت کا احسان اور مہربانیوں کا شمار نہیں،نااہل ختم کرنے پر میں عدلیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں .

علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رہنما تحریک انصاف عثمان ڈار نے خواجہ آصف کو مبادکباد دی ہے ،  مزید کہا کہ اب خواجہ آصف سے عوام کی عدالت میں مقابلہ ہوگا.

 

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔