"کچھ لوگ الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہوئے ہیں لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا"


اسلام آباد( 24نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر)محمد صفدر ایک بار پھر احتساب عدالت میں پیش ہوگئے ہیں،اس وقت ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ابھی بھی الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہوئے ہیں لیکن یہ بڑا الیکشن ہوگا لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
احتساب عدالت میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے صحافیوں کے سوال پر کہا کہ کچھ لوگ الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہیں ان کا پوچھ رہا ہوں، جس پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا الیکشن ملتوی ہورہے ہیں جس پران کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ابھی بھی الیکشن ملتوی کرانے پرتلے ہوئے ہیں، ہرالیکشن میں اس طرح کے لوگ جاتے ہیں، لیکن یہ بڑا الیکشن ہوگا کیونکہ لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
نوازشریف کو خوش باش دیکھتے ہوئے ایک صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ آج بہت خوش لگ رہے ہیں جس پر سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے، زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، انسان کو ہر حال میں خوش رہنا چاہیے، جس کا تکیہ اللہ پر ہو اسے اللہ خوش رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی نااہلی ختم کردی

صحافی نے سوال کیا کہ چوہدری نثار اب شہباز شریف کے بیان پر بھی ردعمل دے رہے ہیں کیا کہیں گہ جس پر نواز شریف نے کہا کہ مجھ سے آپ کس طرح کے سوال پوچھ رہے ہیں، لگتا ہے جج صاحب آنے لگے ہیں اب آپ لوگ ان کی طرف متوجہ ہوجائیں۔