حکومت ختم ہوتے ہی نواز شریف کا پروٹوکول بھی ختم


اسلام آباد(24نیوز) حکومت ختم ہوتے ہی سابق وزیر اعظم نواز شریف سے تمام سیکورٹی پروٹوکول واپس لے لیا گیا۔ نواز شریف کو اب سیکورٹی کیلئے ذاتی حیثیت میں انتظامات کرنا ہوں گے۔

گزشتہ شب بارہ بجے ن لیگ حکومت آئینی مدت پوری ہونے پر تحلیل ہوگئی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ملنے والا پروٹوکول بھی حکومت جاتے ہی ختم ہوگیا، نااہلی کے باوجود سال بھر ملنے والے پروٹوکول کے مزے اب ختم ہوگئے۔
نواز شریف آج پہلی مرتبہ احتساب عدالت میں معمولی پروٹوکول کے ساتھ پیش ہوئے۔احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر آج ان گنت گاڑیوں کے بجائے صرف دو گاڑیاں دکھائی دیں۔ نواز شریف کے قافلے کے ساتھ اسلام آباد پولیس کی صرف ایک گاڑی موجود تھی۔اس بار تو قافلے کے ساتھ موبائل جمیمرز بھی دکھائی نہیں دئیے۔ 

یہ بھی پڑھیں: کچھ لوگ الیکشن ملتوی کرانے پر تلے ہیں لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا:نواز شریف

سرکاری پروٹوکول واپس لئے جانے پر نواز شریف نے اب ذاتی سیکورٹی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نواز شریف کے قریبی ذرائع کے مطابق اس مقصد کیلئے اب چار ڈبل کیبن گاڑیاں خریدی گئی ہیں، اس کے علاوہ پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کی خدمات بھی لی جائیں گی۔
امید ہے آئندہ سماعت پر نواز شریف اپنی ذاتی سیکورٹی کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں گے

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔