انتظار قتل کیس: عبوری چالان میں معطل ایس ایس پی مقدس حیدر، مدیحہ کیانی کو کلین چِٹ


کراچی (24 نیوز) انتظارقتل کیس کے عبوری چالان میں معطل ایس ایس پی مقدس حیدر اور مدیحہ کیانی کو کلین چٹ دے دی گئی۔ مقتول انتظارکے والد کاکہنا ہے کہ انہیں یقین ہے پولیس پیٹی بندبھائیوں کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی سیشن عدالت میں انتظار احمد کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی حکام کی جانب سے کیس کا عبوری چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ عبوری چالان میں کہا گیا ہے کہ مقتول اور ملزمان کے درمیان ذاتی دشمنی کے شواہد نہیں ملے۔ عبوری چالان میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کے معطل ایس ایس پی مقدس حیدر، ماہ رخ، سہیل نامی شخص اور مدیحہ کیانی کو کلین چٹ دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سینٹرل جیل، دو خطرناک قیدی فرار، کیس کی سماعت

واقعہ کے بعد مدیحہ کیانی خوف زدہ ہو کر رکشہ میں بیٹھی اور فرار ہو گئی۔ مدیحہ کیانی نے بعد میں واقعہ کی اطلاع، انتظار اور اس کے مشترکہ دوست سلیمان کو دی۔

عبوری چالان کے مطابق فائرنگ کرنے والے اہلکار بلال اور دانیال گرفتار ہیں اور اہلکار بلال کی جانب سے چلائی گئی گولی سے انتظار کی موت واقع ہوئی۔

مقتول انتظار کےوالد کا کہنا ہے کہ شروع سے کہہ رہا ہوں پولیس اپنے ساتھی اہلکاروں کے خلاف مثبت کارروائی نہیں کرے گی۔

ذرائع کے مطابق انتظار احمد کے والد کے تحفظات کے ساتھ انتظار قتل کیس مزید گتھیوں میں الجھا ہوا معلوم ہو رہا ہے۔ تاہم دیکھنا یہ ہے کہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈٰی کی قیادت میں جے آئی ٹی کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔