طالبہ کی ہاسٹل میں پراسرارموت کامعمہ حل نہ ہوسکا

 طالبہ کی ہاسٹل میں پراسرارموت کامعمہ حل نہ ہوسکا


راولپنڈی(24 نیوز) پوسٹ گریجوایٹ کالج میں بی ایس تھرڈسمسٹر کی طالبہ عروج فاطمہ  کی موت پرساتھی طالبات کے احتجاج کا سلسلہ نہ رک سکا، واقعہ کیخلاف چوتھے روزبھی احتجاج جاری رہا .

 تفصیلات کےمطابق پوسٹ گریجوایٹ کالج کی طالبہ عروج فاطمہ کی ہاسٹل میں پراسرارموت کا معمہ حل نہ ہوسکا، واقعہ کیخلاف چوتھے روزبھی احتجاج جاری رہا، احتجاج کرنےوالی طالبات کا کہنا تھا کہ والدین کی اکلوتی بیٹی عروج فاطمہ کو انصاف دیا جائے، وہ معاملے کی اب تک ہونے والی تحقیقات سے مطمئن نہیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر خواندگی راجا راشد حفیظ نے کالج کا دورہ کیا توگرلز کالج کے احتجاج میں شامل ہونے والے طلبہ اور طالبات نے ان کا گھیراؤ کرلیا، صوبائی وزیرنے مظاہرین کو معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کرائی، ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کالج میں بے ضابطگی برداشت نہیں ہوگی۔

یاد رہےعروج فاطمہ جمہ کی صبح ہاسٹل میں مردہ حالت میں ملی تھیں،پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرزکی رپورٹ کے مطابق عروج عارضہ قلب کی مریضہ تھی، اس کی موت بھی حرکت قلب  بند ہونے کی وجہ سے ہوئی، واقعہ میں وارڈن کی غفلت کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔