کوئی جانور کو بھی اس طرح نہیں مارتا،عمران شاہ آپ کو بھی سرعام تھپڑ مارے جائیں گے: چیف جسٹس


کراچی(24نیوز) سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران علی شاہ کا کیس نمٹا دیا، شہری کو تھپڑ مارنے کے جرم میں عدالت نے عمران شاہ کو 15 روز میں 30 لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں عمران علی شاہ کے شہری پر تشدد سے متعلق ازخود خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران شاہ کی خوب سرزنش کی۔

چیف جسٹس نے کیس کی سماعت شروع کی تو عمران علی شاہ سے کہا کہ  آگے آؤ، آپ سے بات کرؤں گا، آپ نے کیا سوچ کر شہری کو تھپڑ مارا،  کوئی جانور کو بھی اس طرح نہیں مارتا، یہ ناقابل معافی جرم ہے،  آپ کو نہیں چھوڑیں گے، آپ عوام کے نمائندے ہیں، اس طرح تشدد کریں گے، میں باہر آتا ہوں، مجھے مار کر دکھائیں۔عمران علی شاہ نے اظہار ندامت  کرتے ہوئے  کہا کہ سوری سر، میں شرمندہ ہوں۔ چیف جسٹس  نے کہا کیا سوری؟  میں نے بچپن میں ملازم کو بیلٹ سے مارا تھا،  میرے والد نے بھی مجھے دو بار سبق سکھانے کے لیے مارا تھا۔

 چیف جسٹس نے متاثرہ شخص  داود چوہان سے مکالمہ  کیا اور کہا کہ آپ معاوضہ لے کر بیٹھ گئے، کیوں معاف کیا،دادو چوہان  نے کہا کہ میرے گھر پر چل کر نامزد گورنر آئے جس کی وجہ سے معاف کرنا پڑا۔
چیف جسٹس  ایک بار پھر عمران شاہ سے مخاطب ہوئے اور کہا کہ عمران شاہ کتنے تھپٹر مارے تھے، جس پر عمران شاہ نے بتایا کہ 3 سے 4 تھپٹر مارے تھے، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو بھی سر عام اسی طرح 4 تھپٹر مارے جائیں گے،  ابھی وہ کلپ چلاتے ہیں، سب کوعدالت میں دیکھاتے ہیں، چیف جسٹس نے عمران شاہ کا ویڈیو کلپ چلانے کے لیے آلات کمرہ عدالت منگوا لیے۔

 چیف جسٹس نے عمران شاہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے ساتھ کیا کیا جائے خود بتائیں، کیوں نہ آپ پرآپ پر 62 ایف لگادیں ؟کسی وڈیرے کے بیٹے ہو، کون ہو؟  چیف جسٹس نے عمران شاہ کو فوری طور پر تیس لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

واقعہ کا پس منظر: 

کچھ  دنوں پہلے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ ایک پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران علی شاہ  نے اسٹیڈیم روڈ پر شہری پر تھپڑوں کی بارش کردی۔عمران شاہ کے ساتھ موجود پولیس اہلکار اور سیکورٹی گارڈز نے بیچ بچاؤکرایا۔واقعہ کے بعد عمران شاہ کے خلاف پارٹی نے ایکشن لیااور  تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے شوکاز نوٹس جاری کردیا۔غلطی کا احساس ہونے پر عمران شاہ  رات گئے شہری داؤد چوہان   کے  گھر پہنچے اور  غیر مشروط معافی مانگی تھی۔ شہری داؤد چوہان نے عمران شاہ کو معاف کرتے ہوئے قانونی کارروائی نہ کرنے یقین دہانی کرائی تھی۔

جبکہ بعد میں 18 اگست کو چیف جسٹس ثاقب نثار نے واقعہ کا ازخود نوٹس لیا  اور آج اس پر سماعت کی گئی۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔