نویں اور دسویں جماعت کے پرچے آئوٹ ہوگئے


24نیوز: سندھ اور خیبرپختونخوا میں میٹرک کے امتحانات میں نقل کا سلسلہ نہ رک سکا۔ نویں اور دسویں جماعت کے پرچے آئوٹ ہوگئے۔ امیدوار نگران عملے کی موجودگی میں دیدہ دلیری سے نقل کرتے رہے۔

 تفصیلات کے مطابق سندھ اور خیبرپختونخوا میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں نقل نہ رک سکی، امتحانی مراکز پر بوٹی مافیا کا راج رہا۔

لاڑکانہ بورڈ کے زیر انتظام دسویں جماعت کا ریاضی کا پرچہ آئوٹ ہوگیا۔ کمرہ امتحان میں طلبہ بے دریغ اور کھلے عام نقل کرتے رہے۔امتحانی عملہ بوٹی مافیا کے آگے بے بس دکھائی دیا۔

پنوعاقل میں نویں جماعت کا کمیسٹری کا پیپر آؤٹ ہوگیا۔ یہاں بھی امتحانی مراکز پربوٹی مافیا قابض دکھائی دیا۔ امتحانی عملہ بے بسی کی تصویر بنا رہا۔ بعض مراکز میں نگران عملہ خود نقل کرانے میں مصروف رہا۔ امیدوار حل شدہ پرچوں اور موبائل فونز کی مدد سے پرچہ حل کرتے رہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرکے میں پہلے دسویں جماعت کے پہلے بھی تین پرچے آئوٹ ہوچکےہیں۔ اب نویں جماعت کا بیالوجی کا پرچہ آئوٹ ہوگیا۔ سوالیہ پرچہ امتحانی مراکز کے باہر فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں سے قیمتاً دستیاب تھا۔ امیدواروں نے خوب دل لگا کر نقل کی۔