سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی کرانے کی سفارش

سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی کرانے کی سفارش


اسلام آباد(24نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے سیاسی جماعتوں کے انٹراپارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی کرانے کی سفارش کر دی،کمیٹی نے قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشستیں بڑھانے کے حوالے سے ترمیمی بل پر خصوصی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی، خواجہ سعد رفیق کمیٹی اجلاس میں الیکشن کمیشن کی تعریف کرتے نظر آئے کہتے ہیں الیکشن کمیشن کام بھی بہت کرتا ہے۔

چیئرمین ریاض فتیانہ کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے اجلاس میں اقلیتوں کی مخصوص نشستیں بڑھانے کے حوالے سے ڈاکٹر رمیش کمار اور عامر نوید جیوا کے ترمیمی بل پر بحث کی گئی، قائمہ کمیٹی نے مشاورت کے بعد اقلیتوں کی مخصوص نشستیں بڑھانے کے حوالے سے ترمیمی بل پر ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی،ذیلی کمیٹی نشستوں میں اضافے اور اقلیتوں کے براہ راست انتخاب میں حصہ لینے کا جائزہ لے کر رپورٹ ایک ماہ میں سفارشات تیار کر کے قائمہ کمیٹی کو پیش کرے گی۔

اراکین کمیٹی نے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی کرانے کا مطالبہ کیا، جس پر چیئرمین کمیٹی نے سیاسی جماعتوں کے انٹراپارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی کرانے کی سفارش کر دی،اجلاس میں خواجہ سعد رفیق نے ممبران الیکشن کمیشن کی تقرری پر بات کرتے ہوئے کہا ممبران کی تقرری سیاسی بنیادوں پر کی جاتی ہے،صاف اور شفاف انتخابات کے لیے سیکرٹری الیکشن کمیشن جیسے ممبران کی تقرری ضروری ہے،کمیٹی میں وزارت داخلہ پنجاب کے حکام نے سری لنکن ٹیم پر حملے کی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت مانگ لی۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer