ملک کی تباہی کا سبب پی سی او ججز ہیں: نواز شریف


کراچی (24 نیوز) نواز شریف ایک بار پھرعدلیہ پر برس پڑے۔ عدلیہ نے جمہوریت کی بجائے آمروں کا ساتھ دیا۔ ملک کی تباہی کا باعث پی سی او ججز ہیں۔

 سابق وزیراعظم نواز شریف کراچی میں سیمینار سے خطاب کرنے کے دوران بھی عدلیہ پرگرجنے برسنے سے باز نہ رہے۔ کھل کر تنقید کے نشتر چلائے۔ سیاسی مخالفین کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب بھی جمہوریت پاؤں پر کھڑی ہوئی، کلہاڑا چلا دیا گیا۔ عدلیہ نے بھی جمہوریت کی بجائےآمروں کا ساتھ دیا۔ ایک جج بہادر نے کہا جنرل صاحب بہت اچھا کیا۔ پی سی او جاری کرکے من پسند عدالت بنا لی گئی۔ نظریہ ضرورت ہمیشہ جیتتا رہا، جمہوریت ہارتی رہی۔

خطاب کے دوران سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سازشی مہروں نے چور دروازوں سے حکومتوں پر قبضے کیے۔ ملک کی سمت درست کرنی ہے تو سخت فیصلے کرنا ہونگے،  انھوں نے کہا  کہ اچکزئی صاحب ہم پارلیمنٹ میں انشا اللہ پھر اکھٹے ہونگے۔

نواز شریف نے یہ شکوہ بھی کیا کہ حکومت کے 4ماہ باقی ہیں مگر ابھی بھی سازشیں جاری ہیں۔ بلوچستان حکومت کے ساتھ کیا کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے، پہلی بار ڈکٹیٹر کو کٹہرے میں لایا گیا، مگر کیسے وہ باہر چلا گیا وہ سب کے سامنے ہے، سیاستدانوں کو تو پورے خاندان سمیت نشان عبرت بنا دیا گیا۔