میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی نماز جنازہ اداکر دی گئی


 کرم پور(24نیوز) صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی کی نماز جنازہ صوبہ سندھ کے شہر کرم پور اور ان کی اہلیہ کی نماز جنازہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ادا کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اہلیہ کو قتل کر کے خودکشی کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما میر ہزار خان بجارانی کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاوں کندھ کوٹ کے گرڈ سٹیشن گراؤنڈ میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی، اور قومی و صوبائی وزرا نے شرکت کی۔

دوسری جانب ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کی نماز جنازہ کراچی کے علاقے ڈیفنس کی سلطان مسجد میں ادا کی گئی۔ فریحہ رزاق کی نماز جنازہ میں گورنر سندھ محمد زبیر سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

دونوں کی نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر ترقی و منصوبہ بندی میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔