جب سوال پوچھتے ہیں تو توہین عدالت لگ جاتی ہے: مریم نواز


گوجرانوالہ (24 نیوز) سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی توہین کی سزا ہے، وزیراعظم کی توہین کی کوئی سزا نہیں۔

گوجرانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عدالت کی توہین کی سزا ہے، وزیراعظم کی توہین کی کوئی سزا نہیں۔ کس کس کو نوٹس بھیجو گے؟ کس کس کو جیل بھجواؤ گے؟ جیلیں بھر جائیں گی، نوازشریف کے وفادار ختم نہیں ہوں گے۔ کسی عدالت میں ہمت ہے کہ مشرف کو بلائے؟ جب سوال پوچھتے ہیں تو توہین عدالت لگ جاتی ہے۔ سوال کا جواب تو دینا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو یاد ہے کہ 2014 میں دھرنے والوں کو گوجرانوالہ نے ایسے بھگایا تھا کہ وہ آج تک بھاگے جارہے ہیں۔ گوجرانوالہ وہ تاریخی شہر ہے کہ جب نواز شریف اس شہر میں پہنچا تھا تو عدلیہ بحال ہو چکی تھی۔ جیسے جیسے 2018 کے عام انتخابات قریب آتے جا رہے ہیں رونے کی آوازیں تیز ہوتی جا رہی ہے۔