سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو جیل میں وی آئی پی سہولتیں


اسلام آباد (24 نیوز) سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو جیل میں وی آئی پی سہولتیں، وہ جیل ہسپتال کے وی آئی پی روم میں "رہائش پذیر" ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو جیل میں وی آئی پی سہولتیں، وہ جیل ہسپتال کے وی آئی پی روم میں "رہائش پذیر" ہیں۔ کمرے میں ٹی وی، کیبل، اخبارات، ہیٹر، اے سی سب کچھ دستیاب ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ سے توہین عدالت میں سزا پانے والے ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی اڈیالہ جیل میں ایک رات نہ گزار سکے اور دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال پہنچ گئے۔ ان سے سینیٹ کی نشست بھی چھین لی گئی۔ جیل حکام کے مطابق نہال ہاشمی کو سخت سیکیورٹی میں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل لایا گیا، جہاں اچانک طبعیت خراب ہونے کے باعث انہیں جیل کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نہال ہاشمی کو پہلے ہی تین اسٹنٹ ڈلے ہوئے ہیں۔ لیگی رہنما کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں پمز منتقل کر دیا جائے، سینیٹر چودھری تنویر سمیت لیگی رہنمائوں نے ان سے جیل میں ملاقات بھی کی۔

جیل انتظامیہ نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے امراض قلب کے ماہرین کو بھی جیل میں طلب کرلیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ ہارٹ اسپیشلسٹ کرے گا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے نہال ہاشمی کو ڈی نوٹیفائی کرتے ہوئے سینیٹ کی نشست خالی قرار دے دیا ہے۔