کراچی: ٹرک ڈرائیور نے ٹریفک پولیس انسپکٹر کو کچل ڈالا


کراچی (24 نیوز) شہر قائد میں فرض کی ادائیگی کو زندگی سے عزیز سمجھنے کی روایت قائم، ٹریفک پولیس کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقہ لیاقت آباد میں تیز رفتار ٹرک ٹریفک پولیس انسپکٹر پر چڑھ دوڑا۔ ٹریفک پولیس انسپکٹر علی اکبر چٹھا حادثہ میں جاں بحق ہو گیا۔

علی اکبر چٹھا نے تیز رفتار ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ٹرک ٹریفک انسپکٹر کو روندتا ہوا گزر گیا۔ ٹرک ڈرائیور کو لوگوں نے پکڑ لیا۔

یہ بھی پڑھئے:روشنیوں کے شہر میں اندھیر، 8 سالہ بچی سے زیادتی، ملزم فرار

عینی شاہدین کے مطابق ٹریفک پولیس انسپکٹر علی اکبر چٹھا نے ٹرک کو روکنے کی کوشش کی۔ تاہم ٹرک ڈرائیور نے موٹرسائیکل سمیت ٹریفک پولیس افسر کوروند دیا۔ شہریوں نے ٹرک ڈرائیو کو فرار نہ ہونے دیا اور پکڑ کر رینجرز کے حوالے کر دیا۔

مرحوم ٹریفک پولیس افسر کی لاش آبائی شہر عارف والا روانہ کر دی گئی ہے۔