پاکستان کیخلاف ابتدائی 2 میچز کیلیے نیوزی لینڈ کی 13 رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان

پاکستان کیخلاف ابتدائی 2 میچز کیلیے نیوزی لینڈ کی 13 رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان


آکلینڈ(24نیوز)کامیابیوں کے زینے عبور کرتی قومی کرکٹ ٹیم 6جنوری سے دورہ نیوزی لینڈکا آغاز کرے گی،اس دورہ کے دوران پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ابتدائی 2 میچز کیلیے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کو اسپن جال میں الجھانے کیلیے ٹوڈ ایسٹل اور مچل سینٹنر کو اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے جبکہ جارح مزاج اوپنر مارٹن گپٹل کی انجری کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، 13 رکنی اسکواڈ میں کین ولیمسن کپتان، ٹوڈ ایسٹل، ڈگ بریسویل، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن، مارٹن گپٹل، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، کولن منرو، ہنری نکولس، مچل سینٹنر، ٹم ساو تھی اور راس ٹیلر شامل ہیں۔

نیشنل سلیکٹر گیون لیزر کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اوپنر جارج ورکر کو ٹایم سے باہر کرنا مشکل فیصلہ تھا، مارٹن گپٹل دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں اور انکی ٹیم میں واپسی پر خوشی ہے، جارج ورکر کو مستقبل میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کریں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 6 جنوری سے ویلنگٹن میں میچ سے ہو گا، 9 جنوری کو دوسرا ون ڈے نیلسن، 13 جنوری کو تیسرا ون ڈے ڈونیڈن، 16 جنوری کو چوتھا ون ڈے ہیملٹن جبکہ 19 جنوری کو پانچواں اور آخری ون ڈے ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کیوی کرکٹ ٹیم اس وقت ون ڈے انٹرنیشنل درجہ بندی میں چوتھے جبکہ قومی کرکٹ ٹیم ساتویں نمبر پر ہے اگر شاہین اس سیریز میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں تو پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوسکتی ہے۔