سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا: شہباز شریف

سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا: شہباز شریف


لاہور (24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب بہترین دوست ممالک میں سے ایک ہے، یہ وہ رشتے ہیں جو دلوں سے جڑے ہیں۔ ان کا اچانک سعودی عرب کا دورہ کوئی اچنبے کی بات نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سعودی عرب کا 7 روزہ دورہ مکمل کر کے سعودی حکومت کے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور واپس پہنچ گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہر مشکل میں سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی عرب بہترین دوست ملک ہے ان کا اچانک سعودی عرب کا دورہ کوئی اچنبے کی بات نہیں۔

سعودی عرب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ شہباز شریف نے اپنے 6 روزہ دورے کے دوران عمرہ بھی ادا کیا اور ملکی سلامتی وترقی کیلئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے وہاں اپنے بڑے بھائی میاں نواز شریف سے بھی الگ ملاقات کی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اچانک خصوصی طیارے کے ذریعے 27 دسمبر کو سعودی عرب کے دورے پر گئے تھے ،وزیراعلیٰ پنجاب کے اچانک دورے کے حوالے سے ملک میں بہت سی باتیں زیر بحث رہیں کہ شہباز شریف کا یہ دورہ حکومت بچائو مہم کا ایک حصہ بھی ہوسکتا ہے۔