امریکہ نے ویزا کے حصول کیلئے نئی شرائط عائد کردیں



واشنگٹن( 24نیوز )اب امریکی ویزا حاصل کرنے کیلئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، ای میل ایڈریس اور فون نمبر کی تفصیلات بھی جمع کرانا ہوں گی، جھوٹ بولنے پر سنگین امیگریشن نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے, پابندی سے سالانہ 15ملین کے قریب افراد متاثر ہوں گے۔

 امریکا کے نئے قوانین کے مطابق ویزا حاصل کرنے کیلئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، ای میل ایڈریس اور فون نمبر کی تفصیلات بھی جمع کرانا ہوں گی،امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ تمام افراد کو امریکی ویزے کے لیے سوشل میڈیا کی معلومات پانچ برسوں سے زیر استعمال ای میل آئی ڈی اور فون نمبر درج کروانا پڑے گا، امریکا میں ملازمت یا تعلیم کے حصول کے لیے آنے والے افراد کو یہ تمام معلومات فراہم کرنا لازم ہوں گی جبکہ کچھ سفارتکاروں اور سرکاری حکام کو نئے قوانین سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر امریکا آنے والوں کی سکریننگ کے طریقہ کار کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے میکانزم پر کام کیا جارہا ہے تاکہ امریکی شہریوں کو محفوظ بنایا جاسکے،واضح رہے کہ اس سے قبل یہ تمام معلومات صرف اُن افراد کو فراہم کرنا پڑتی تھیں جہاں دہشت گرد تنظمیں سرگرم تھیں تاہم اب ہر درخواست گزار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں درج اپنے اکاؤنٹس کی معلومات فراہم کرنا ہوں گی، اس اقدام سے ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوں گے۔