کراچی :سپریم کورٹ کے خوف سے پولیس جاگ گئی،نوجوان عمران کا قاتل ڈیڑھ ماہ بعد گرفتار


کراچی (24نیوز) کراچی میں قتل ہونے والے نوجوان عمران کے والد نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا تو پولیس حرکت میں آگئی،پولیس نے ایک ماہ 20 دن بعد ایک ملزم کوگرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نقیب، انتظار اور مقصود کے بعد اب ایک اور نوجوان عمران کا خون بھی انصاف کے منتظر ہے،مقتول نوجون عمران کے والد کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے کے بعد پولیس بھی جاگ گئی،ایک ماہ 20 دن کے بعد قتل کیس میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے ڈیفنس خیابان بخاری میں درگاہ مسری شاہ کے قریب ایک بنگلے پر چھاپہ مارا اور ملزم مجتبیٰ کو گرفتار کرلیا، ذرائع کے مطابق ملزم مجتبیٰ کو حملہ آوروں نے واردات سے قبل سب سے زیادہ فون کئے اور مقتول عمران کی مکمل ریکی کی، سی ڈی آر کی مدد سے پتہ چلا کہ ملزم مجتبیٰ واردات کے وقت بھی موقع پر موجود تھا، ذرائع کے مطابق ملزم مجتبیٰ نے حملہ آوروں کو عمران تک پہنچایا۔
نوجوان عمران کو رواں سال 9 جنوری کو ڈفینس میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، تاہم مقتول کے کیس میں یہ پہلی گرفتاری ہے۔