وزیر اعظم صاحب امیر اور غریب کیلئے الگ قوانین کیوں ہیں؟پی ٹی آئی نے خط لکھ دیا

وزیر اعظم صاحب امیر اور غریب کیلئے الگ قوانین کیوں ہیں؟پی ٹی آئی نے خط لکھ دیا


لاہور(24نیوز)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے نام تحریک انصاف نے خط لکھ دیا، سینٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کی امیدوار عندلیب عباس کا کہنا ہے کہ جناب وزیر اعظم ہر باضمیر پاکستانی آپ سے سوال کر رہا ہے کہ آخر امرا اور مخصوص افراد کے لیے قوانین الگ کیوں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر رہنما عندلیب عباس کی وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ محب وطن پاکستانیوں کا فرض ہے کہ حق اور سچ کے لیئے جدو جہد جاری رکھیں چاہے ناممکن کے قریب ہی کیوں نہ ہو, اسی طرح کا بظاہر ایک نا ممکن کام میں نے اپ کی جماعت کی نامزد امید وار برائے سینیٹ سعدیہ عباسی کی اہلیت کو چیلنج کرنے کا کیا ہے,  سعدیہ عباسی نامکمل مالی تفصیلات اور دوہری شہریت کی وجہ سے سینیٹ کے انتخابات کے لیئے اہل نہیں۔ یہ ایک عمومی قانون ہے جو اپ کی جماعت کی نامزد امیدوار اور اپ کی ہمشیرہ پر برابر لاگو ہوتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے میری درخواست کے باوجود سعدیہ عباسی کے کاغذات منظور کیئے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے خلاف میری درخواست ہائی کورٹ سے بھی خارج کردی گئی کیونکہ وزارت داخلہ نے سعدیہ عباسی کی دہری شہریت ختم ہونے کی تصدیق پیش کی, یہ ایک عام فہم بات ہے کہ دہری شہریت کا حصول یا چھوڑنا ایک طویل مدتی طریق کار پر مبنی ہوتا ہے۔ کسی ملک کی شہریت چھوڑنے کا مروجہ طریقہ چار دن میں مکمل نہیں ہوسکتا, یہ مخصوص لوگ قومی وسائل کو ذاتی جائیداد سمجھ کر استعمال کیوں کرتے ہیں۔

عندلیب عباس کا کہنا تھا کہ اگر آپ کی بہن نا اہل ہو جاتی ہیں جیسا کہ انہوں ہونا بھی چاہیے تو بھی ان کی سیٹ مجھے نہیں ملے گی۔ یہ لڑائی سینیٹ کی سیٹ کی نہیں اصول اور ضمیر کی لڑائی ہے  یہ لڑائی عام اور کم مائع عوام اور مڈل کلاس کے حق کے لیئے ہے۔