پاکستان کو بڑے آبی بحران کا سامنا ہوسکتا ہے:وزیر توانائی اویس لغاری


اسلام آباد(24نیوز) وزارت توانائی نے پانی کے تحفظ کا معاملہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے، وزیر توانائی اویس لغاری کہتے ہیں کہ پاکستان کو بڑے آبی بحران کا سامنا ہوسکتا ہے، تمام ادارے آبی وسائل کے تحفظ کیلئے اقدامات کریں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر پاورڈویژن اویس لغاری نے ملک میں بد ترین آبی بحران کا اعتراف کرلیا۔ کہتے ہیں بد قسمتی سے ملک کی کوئی واٹر پالیسی نہیں۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 2025 تک پاکستان کی آبادی 25 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔جس سےپانی کی طلب میں مزید اضافہ ہو گا۔ ملک بھر میں پانی کی ایک بڑی مقدار بے دردی سے ضائع کر دی جاتی ہے۔ پانی کے تحفظ کا معاملہ قومی سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر کامزید کہنا تھا کہ پاکستان زرعی ملک ہے۔ پاکستان پانی کی قلت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے 1 ماہ میں نئی واٹر پالیسی کا اعلان کریں گے۔ اویس لغاری نے کہا کہ پانی کے کم ذخائر کے باعث پاکستان صرف 10 فیصد پانی استعمال ہوتا ہے اور باقی سمندر کی نذر ہو جاتا ہے حالانکہ پانی ذخیرہ کرنے کا عالمی معیار 40 فیصد ہے۔