گرم لو کے تھپیڑے جاری،شہر قائد کے باسی آج بھی مشکل میں رہینگے



کراچی (24نیوز)شہرقائد میں آج ہیٹ ویو کا دوسرا دن ہے اورشہریوں کو احتیاط  برتنے کی ہدایت کی گئی ہےکیونکہ سورج آج بھی آگ برسائے گا محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات نے چند روز قبل ہی یکم مئی سے 4 مئی تک کراچی میں شدید گرمی اورہیٹ ویو کی پیشگوئی کردی تھی، گزشتہ روز بھی شہرقائد میں لوکے تھپیڑے چلتے رہے جب کہ آج بھی سورج آگ برسائے گاجبکہ ڈائریکٹر میٹ کراچی عبد الرشید کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک جب کہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ 

شہر میں جاری شدید گرمی کی لہر نے لوگوں کو گھروں میں محصور کرکے رکھ دیا،گرمی کے باعث ٹھنڈے مشروبات کی مانگ بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ، جب کہ ہوائیں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

ادھر لاہور میں بادل چھا جانے سے موسم خوشگوار ہوگیا،ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer