"پی ٹی ایم کوئی بڑا مسئلہ نہیں"



پشاور(24 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پی ٹی ایم بذات خود ایک مسئلہ نہیں ہے۔ کچھ افراد غیرملکی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، ہم دشمن طاقتوں کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا اور مختلف جامعات کے طلباء سے ملاقات کی، اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ذہین اور قابل نوجوانوں سے مالامال ہے، پاکستان کا مستقبل یہی نوجوان ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے دہشتگردی کے خلاف زبردست کامیابیاں حاصل کیں۔

اب وقت آگیا ہے کہ ان قربانیوں کے ثمرات علاقے میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے ذریعے حاصل کیئے جائیں،سماجی اور اقتصادی ترقی میں تعلیم سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہے۔ ہماری اولین ترجیح سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے دیر پا امن کا قیام ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے بعد پی ٹی ایم نے جن مسائل کے بارے میں بات کی وہ حقیقی اور قدرتی تھےلیکن اب یہ لوگ دہشتگردی سے متاثرہونے والے افراد کے جذبات سے دانستہ کھیل رہے ہیں، دہشتگردی سے متاثرہ افراد کو اس وقت دیکھ بھال کی ضرورت ہے،حکومت اور سیکیورٹی فورسز بلا تفریق قبائلیوں کے حقیقی مسائل حل کرنے کی کوششیں کررہےہیں۔

اس موقع پر طلباء نے مسلح افواج کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کریں گے اور کسی بھی گمراہ کرنے والے کے پراپیگنڈے میں نہیں آئیں گے۔