حکومت کا پتہ ہی نہیں کہاں ہے؟اپوزیشن برہم

حکومت کا پتہ ہی نہیں کہاں ہے؟اپوزیشن برہم


اسلام آباد( 24نیوز )حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس ملتوی کرائے جانے پر اپوزیشن برہم، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیمبر میں اپوزیشن رہنما اکٹھے ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرائے جانے پر اپوزیشن نے کمر کس لی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حزب اختلاف کی جماعتوں کا اجلاس اپنے چیمبر میں بلا لیا،پیپلز پارٹی کی طرف سے راجہ پرویز اشرف، ایم ایم اے کے مولانا عبدالواسع نے شرکت کی۔

اپوزیشن رہنماﺅں نے کورم کے معاملے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا، اپوزیشن لیڈر کے ساتھ ملاقات کے بعد راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا ملک گو مگو کی کیفیت سے دوچار ہے، ہمیں توقع تھی قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت بریف کرے گی، موجودہ حالات میں ایوان کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھنا چاہیئے تھا، پہلی مرتبہ دیکھا خود حکومت نے کورم کی نشاندہی کر کے اجلاس ملتوی کرایا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ سمجھ سے بالاتر ہے، صاف لگ رہا تھا منصوبہ بندی کے تحت اجلاس ملتوی کیا گیا، کورم پورا ہونے کے لیئے تھوڑا انتظار بھی نہیں کیا گیا، نہ گھنٹیاں بجائی گئیں،حکومتی وفد نے ملاقات کا بھی کہا تھا مگر ہم انتظار کرتے رہ گئے، دو گھنٹے انتظار کیا حکومت کا پتہ ہی نہیں کہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال تشویشناک ہے، ہم نے اس ایشو پر سیاست نہیں کرنی، پیپلز پارٹی نے اس معاملے کو سنبھالا دینا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملکی صورتحال پر بیان دیا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر کی تائید کرتے ہیں، فوج کا اس معاملے سے کیا تعلق، افواج پاکستان کو اس مسئلے میں گھسیٹنا انتہائی غلط بات ہے، دھرنے والوں سے گزارش ہے عوام الناس کی سہولت کو مد نظر رکھے، چاہتے ہیں کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو۔