چاکلیٹی ہیرو کی آج 80ویں سالگرہ

چاکلیٹی ہیرو کی آج 80ویں سالگرہ


24نیوز : پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار وحیدمراد کے مداح آج ان کی 80 ویں سالگرہ منارہے ہیں،2اکتوبر 1938 کو کراچی میں پیدا ہونے والے وحیدمرادکوچاکلیٹی ہیروکے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں:ڈالر سستا ہوگیا

 تفصیلات کے مطابق فلمسٹار وحید مراد باکمال ہیرو تو تھے ہی لیکن بحثیت پروڈیوسر اور اسکرپٹ رائٹر بھی انکا کام قابل ذکر ہے۔ایس ایم آرٹس کالج سے گریجویشن اور کراچی یونیورسٹی سے ایم اے انگلش کرنے والے وحید مراد نے فلم ’اولاد‘ سے فنی سفر کا آغاز کیا جس میں انہوں نے معاون کردار ادا کیا۔

'ہیرا اور پتھر' وحید مراد کی پہلی فلم تھی جس میں انہوں نے بطور ہیرو کام کیا اور اس فلم کے لیے انہیں 'نگار ایوارڈ' بھی ملا۔انیس سو چھیاسٹھ میں وحید مراد نے پہلی دفعہ اپنی پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم 'ارمان' میں کام کیا، جس نے باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔اس فلم کے گیت کو کو رینا، اکیلے نہ جانا، بیتاب ہو ادھر تم اور زندگی اپنی تھی اب تک، اب بھی لوگوں کے سماعت میں رس گھولتے ہیں ۔

برصغیر میں دلیپ کمار کے بعد وحیدر مراد دوسرے اداکار تھے جو نوجوان نسل میں بے حد مقبول ہوئے۔ ساتھی اداکاراؤں میں زیبا ، شبنم اور نشو کے ساتھ ان کی جوڑی کو خوب سراہا گیا، وحید مراد نے 124 فلموں میں کام کیا جن میں 8 پنجابی اور 1 پشتو فلم بھی شامل ہے۔ عروج اور مقبولیت کے بعد فلموں میں ہونے والی ناکامی نے وحید مراد کو دلبرداشتہ کر دیا اور 23 نومبر 1983 کی صبح فلم انڈسٹری کا بے تاج بادشاہ دنیا سے رخصت ہوگیا۔