سپریم کورٹ کا بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا حکم


اسلام آباد(24نیوز) سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے کورنگ نالے کے اطراف غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا، دو ہفتے میں پیشرفت پر رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کر دی، بوٹینیکل گارڈن میں تجاوزات سے متعلق کیس کا رکارڈ اسلام آباد ہائیکورٹ سے طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ میں بنی گالہ غیرقانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ 30 مارچ 2018سے قبل ہونے والی تعمیرات ریگولر، بعد میں کی جانے والی تعمیرات گرا دی جائیں گی۔چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی آپ جا کر نعرہ لگائیں گے کہ گھروں کو مستثنٰی کرایا، نعرے میں کہیں کسی ادارے کی کوشش کا ذکرنہیں ہوگا، آپ نے صرف ووٹ مانگنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف ،مریم نواز کو عارضی خوشخبری مل گئی

عدالت نے حکم دیا کہ ریگولرائیزیشن اور متعلقہ قوانین کی دوہفتے میں منظوری اور سیوریج منصوبے کی ماہانہ پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے۔ دو سے تین ہفتے میں کام نہ ہوا تو طارق فضل چودھری ذمہ دار ہوں گے۔

عدالت نےکورنگ نالے کے اطراف غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرکے دوہفتے میں پیشرفت پر رپورٹ جمع کرانےکا حکم دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ سے بوٹینیکل گارڈن تجاوزات کیس کے رکارڈ سمیت سیوریج منصوبہ فنڈنگ سے متعلق کل تک آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا۔

یہ بھی پڑھیں: شرجیل میمن نے ایک بار پھر نیب سے سوال پوچھ لیا

سپریم کورٹ نے مارگلہ ہلز اسٹون کرشنگ سے متعلق ازخود نوٹس بھی نمٹا دیا، عدالت نے حکم دیا کہ صوبائی حکومتیں کمیٹی کی سفارشات پر عمل کریں ۔