حکومت نے نئے قرض کے حصول کا منصوبہ بنا لیا

حکومت نے نئے قرض کے حصول کا منصوبہ بنا لیا


اسلام آباد(24 نیوز)رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی کے دوران حکومت پرانے قرض واپس کرنے اور دوسرے اخراجات کے لیے مقامی بینکوں سے تین ہزار چھ سو ارب روپے قرض لے گی۔ 

اسٹیٹ بینک کے مطابق اپرئل سے جون کے اختتام تک حکومت کی طرف سے بینکنگ سیکٹر سے مجموعی طور پر 36 کھرب روپے کے قرضے لینے کا شیڈول بنایا گیا ہے، اس عرصے میں حکومت نے 35 کھرب 36 ارب 57 کروڑ روپے کے اندرونی قرضے واپس کرنے ہیں۔ ہدف کے مطابق قرض ملنے کی صورت میں حکومت کو دوسرے روز مرہ اخراجات کے لیے بھی 63 ارب 41 کروڑ روپے مل جائیں گے۔

قرض کے حصول کے لیے تین ماہ کے دوران 6 مرتبہ ٹرثری بلز کی نیلامی سے مجموعی طور پر 33 کھرب روپےاور پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز کی فروخت سے 3 کھرب روپے کے حصول کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے تاہم مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران حکومت کو کمرشل بینکوں سے ضرورت کے مطابق قرض نہیں مل سکاجس کے باعث حکومت نے مرکزی بینک سے 31 کھرب روپے قرض لے کر اخراجات پورے کیے۔