ڈونلڈ ٹرمپ کا عمران خان کو خط ، اب آیا اونٹ پہاڑ کے نیچے ۔۔۔



اسلام آباد( 24نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا،امریکہ نے پاکستان سے افغانستان میں امن کیلئے مدد مانگی ہے،امریکی صدر نے خط میں پاکستان سے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون مانگا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ آج صبح ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خط آیا جو بہت مثبت ہے، ٹرمپ نے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون مانگا ہے، ہم ان کو پورا تعاون دیں گے۔

اس حوالے سے پاکستان اور امریکی حکام کے درمیان رابطہ ہے، افغانستان کے لیے امریکی حکومت کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد بھی پاکستان آرہے ہیں، ہم افغانستان میں امن لانے کیلئے خلوص کے ساتھ پوری کوشش کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں امریکا سے معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا گیا، اب ہم نے امریکا کو برابری کی بنیاد پر جواب دیا تو ٹرمپ نے خط لکھا، ہم پوری کوشش کریں گے کہ افغان مسئلے کا حل نکالنے کے لیے جو کردار ادا کرسکیں وہ کریں۔

یادر ہے پاکستان کی امن کوششوں سے گزشتہ ماہ روس کے دارالحکومت میں اجلاس ہوا تھا جس میں روس،چین،امریکہ ،بھارت،افغان طالبان کے نمائندوں نے شرکت کی تھی ،پاکستانی وفد بھی اس میں شریک ہواتھا،افغان حکومت نے بھی طالبان سے بات چیت کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے لیکن طالبان نے افغان حکومت سے مذاکرات کرنے سے انکار کردیا ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer