ملتان،انفلوائنزا کے بادل گہرے،مریضوں کی تعداد 11ہوگئی،7میں وائرس کی تصدیق


ملتان(24نیوز) ملتان کے نشتر اسپتال میں انفلوائنزا کے بادل گہرے ہوگئے، متاثرہ مزید چار افراد کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کرا دیا گیا، زیر علاج مریضوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق نشتر ہسپتال میں انفلوئنزا سے متاثرہ مریضوں کی آمد کا سلسلہ تین دن کے لیے تھما تو ماہرین صحت نے اسے موسم کی تبدیلی کا شاخسانہ قرار دیا، لیکن ایک دن میں دوبارہ چار افراد کو انفلوئنزا کے شبے میں نشتر ہسپتال میں داخل کر لیا گیا، جس کے بعد ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 11 ہو چکی ہے، ان میں سے 7 میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

زیر علاج مریضوں میں سے چار کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے, سات ہفتوں کے دوران دو سو ستر مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 134 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور 54 افراد جنوبی پنجاب میں لقمہ اجل بن گئے۔

ماہرین صحت وبا کے مکمل خاتمے کے لیے بارش کا ہونا ضروری قرار دے رہے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات آئندہ ایک ہفتے میں بارش کی کوئی نوید سناتا نظر نہیں آتا۔