موت کا سفرتمام،تارکین وطن کی کشتی لیبیا کے قریب الٹ گئی


طرابلس (24نیوز) روشن مستقبل کاخواب سجائے موت کے سفر پرگئے تارکین وطن کی کشتی لیبیا کے ساحل کے قریب الٹ گئی, 90افراد ڈوب گئے، گیارہ پاکستانیوں کی ہلاکت کی وزارت خارجہ نے تصدیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق خواہشیں، سپنے،غربت کو شکست دینے کے لئے دیار غیر جانے والے سمندر کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گئے، وہی موت کا سفر مگر راستہ نیا، لیبیا کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 90افراد ڈوب گئے، پچیس افراد کو بچا لیا گیا، طرابلس کے ساحل پر ڈوبنے والے 10افراد کی لاشیں مل گئی ہیں، زندہ بچ جانے والوں میں سے 2تیر کر ساحل پرپہنچے اورایک کوکشتی کے ذریعے بچایاگیا۔

 مرنے والوں میں 8پاکستانی جبکہ 2کا تعلق لیبیا سے ہے، زندہ بچ جانے والے افراد کا کہنا تھا کہ کشتی میں زیادہ تر پاکستانی سوار تھے, یہ لوگ لیبیا کے راستے اٹلی جانا چاہتے تھے کہ ان کی زندگی کا سفر تمام ہو گیا۔

 دفتر خارجہ نے بھی کشتی حادثے کی تصدیق کی ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گیارہ پاکستانیوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں، ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کشتی الٹنے کے معاملے کو پاکستانی سفیر خود دیکھ رہے ہیں، مرنے والے آٹھ افراد کا تعلق منڈی بہاﺅالدین سے ہے۔