بھارتی وزیر اعظم کا دورہ کشمیر،پوری وادی چھاﺅنی میں تبدیل



سری نگر( 24نیوز )بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آج کشمیر کا دورہ کرینگے،پوری وادی میں کرفیو کا سماں ہے،شہری گھروں میں محصور ہیں،پوری وادی  کوچھاﺅنی میں تبدیل کردیا گیا۔

مقبوضہ وادی میں بھارتی وزیراعظم کی آمد پر ہڑتال ہے، کشمیریوں نے نریندر مودی کی آمد کو مصبیت قرار دے دیا۔ مریضوں کو ہسپتال جانے سے بھی روکا جا رہا ہے، قابض فوج کی جگہ جگہ بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

کشمیریوں کی ان کے اپنے شہروں میں ہی اجنبیوں کی طرح تلاشی لی جا رہی ہے، قابض فوج نے سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق سمیت کئی حریت رہنماؤں کو نظربند کر دیا۔

 کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے:شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور اس حوالے سے پاکستان کا موقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن روانگی سے قبل آل پارٹیز حریت کانفرنس کی قیادت سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔شاہ محمودقریشی یوم یکجہتی کشمیر پر بین الاقوامی تقریبات میں شرکت کریں گے اور وہ برطانوی پارلیمنٹ میں کل انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پارک لین میں 5 فروری کو کشمیر پر نمائش میں شرکت کریں گے۔

بھارت غاصب دشمن ہے:مشال ملک

کشمیر رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ بھارت غاصب دشمن ہے،کشمیری اس کے وزیر اعظم کا سیاہ جھنڈوں سے استقبال کرینگے،ہندوستان انسانیت کا دشمن ہے،یہ پانی اور وہاں کی جمہوریت کا چور ہے۔

بھارتی فوج نے مزید 2نوجوان شہید کردیے

ادھر کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ضلع پلواما کے علاقے راج پورہ میں شہری آبادی کا محاصرہ کیا جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔کشمیری میڈیا کے مطابق قابض فوج نے محاصرے کے دوران فائرنگ کر کے 2 نوجوانوں کی جان لے لی جب کہ قابض انتظامیہ نے پلواما اور شوپیاں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔

بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف علاقے کے لوگ سڑکوں پر نکل  آئے اور شدید احتجاج کیا جنہیں منتشر کرنے کے لیے قابض فوج نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنوری میں 18 کشمیری شہید کیے اور مختلف کارروائیوں میں 126 افراد زخمی بھی ہوئے جب کہ قابض بھارتی فوج نے چار رہائشی گھروں کو بھی تباہ کیا۔

کے ایم ایس کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو گولیوں، پیلٹ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے زخمی کیا گیا، قابض بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ حریت رہنماؤں سمیت 93 کشمیری گرفتار کیے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer