فوادچودھری بھی نوازشریف کی ڈیل پر بول پڑے

فوادچودھری بھی نوازشریف کی ڈیل پر بول پڑے


لاہور(24نیوز) فواد چودھری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صحت کارڈ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کل کیا جائے گا، منصوبے کے تحت مستحق افراد کو 7 سے 9 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مختلف اجلاس ہوئے جس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اراکین اسمبلی اور سٹیزن پورٹل پر گیس کے زائد بلوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل کو تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کل سے صحت کارڈ کے پہلے مرحلے کا آغاز کر رہی ہے، منصوبے کے تحت مستحق افراد کیلئے 7 سے 9 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل ہوگی، انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں گورننس کے نظام میں بڑی تبدیلیاں آئیں گی۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ میڈیا اسٹریٹجی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کی تنظیم نو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے کہ صحافی کارکنوں کو درپیش مالی بحران میں حکومت کیا کردار ادا کرسکتی ہے، انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے میڈیا مالکان سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراطلاعات فوادچودھری بھی نوازشریف کی ڈیل پربول پڑے، صحافی کے سوال پر کہا آپ اتناعرصہ اقتدارمیں رہے، آخر میں کہیں ہمیں لندن بھیج دیں،یہ عمل ہی باعث شرم ہے۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔