میدانی علاقوں میں دھند برقرار راستے گم ہوگئے،حادثات میں 3افراد جاں بحق


لاہور (24نیوز) پنجاب میں آج پھردھند کا راج رہا، بعض شہروں میں حدنگاہ انتہائی کم رہی موٹر وے کو ٹریفک کے لئے بند کر دی گی، پنڈی بھٹیاں، گجرات اور رینالہ خورد میں گاڑیاں ٹکراگئیں تین افراد جاں بحق ، خاتون سمیت 19افراد زخمی ہوگئے ,پروازوں اورٹرینوں کے شیڈول بھی متاثر ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کےمیدانی علاقے آج کل شدید دھند اورسردی کی لپیٹ میں ہیں،آج بھی دھند کے باعث ہر چیز دھندلی نظرآئی،ملازمین اور طلبہ کوشدید مشکلات کا سامنا رہا حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے موٹروے کے تمام سیکشنز کو صبح ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا۔

گوجرانوالہ،حافظ آباد،فیصل آباد،ملتان،ساہیوال،ننکانہ،پنڈی بھٹیاں،شیخوپورہ ،راولپنڈی ،جہلم سمیت دیگرشہروں میں شہری شدید دھند کے باعث پریشان رہے، شہریوں کو گاڑیوں کی فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔

پنڈی بھٹیاں موٹروے زیرو پوائنٹ پر شدید دھند کے باعث گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں ۔ انسپکٹر عبیدالرحمان سمیٹ تین افراد جاں بحق ہوگئے،رینالہ خورد میں خاتون سمیت دس افراد زخمی ہوئے،گجرات میں دھند سے پانچ گاڑیاں ٹکرا گئیں،حادثے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔

شدید دھند کے باعث لاہورانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل رکھا گیا،متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں،مختلف ریلوے اسٹیشنز پر ٹرینوں کے شیڈول بھی معطل ہوئے۔

کل سے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، کراچی میں موسم خشک رہے گا جبکہ رات کو سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے گا۔