پاکستان نے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ الیون کو 120 رنز سے شکست دے دی


آکلینڈ(24نیوز)دورہ نیوزی لینڈ پاکستان نے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ الیون کو 120 رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 341رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ الیون کی ٹیم 221رنز بناسکی پاکستان کی طرف سے اظہر علی اور فخر زمان نے سنچریاں اسکور کیں باﺅلنگ میں شاداب خان نے چار اورفہیم اشرف نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔
نیوزی لینڈ الیون کی جانب سے مچل ڈیوڈسن 54 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں جیک بوائل اور بین بیکروفٹ 20،20، بھارت پوپلی 16 اور نیوزی لینڈ الیون کی قیادت کرنے والے فریسر کولسن 12 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز اظہر علی اور فخرزمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں داغیں، اظہر علی 104 اور فخر زمان نے 106 رنز بنائے اور آﺅٹ نہ ہوئے، دونوں بلے بازوں نے 206 رنز کی شراکت قائم کی تو فخر زمان نے بابراعظم کو بیٹنگ کا موقع دیا اور گراونڈ سے باہر چلے گئے۔
فخر زمان نے 84 گیندوں پر 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے، اسی طرح اظہر علی بھی 105 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بناکر ریٹائرڈ ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم 6، محمد حفیظ 5، شعیب ملک ایک، کپتان سرفراز احمد 21، شاداب خان 24، فہیم اشرف 17 اور حسن علی 36 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جب کہ محمد عامر 5 اور رومان رئیس بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آﺅٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے انیکت پاریک نے سب سے زیادہ 3، مارک کریگ نے 2، جے ڈی بیکر اور ایم ڈی رائے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 6 جنوری سے ویلنگٹن میں میچ سے ہو گا، 9 جنوری کو دوسرا ون ڈے نیلسن، 13 جنوری کو تیسرا ون ڈے ڈونیڈن، 16 جنوری کو چوتھا ون ڈے ہیملٹن جبکہ 19 جنوری کو پانچواں اور آخری ون ڈے ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کیوی کرکٹ ٹیم اس وقت ون ڈے انٹرنیشنل درجہ بندی میں چوتھے جبکہ قومی کرکٹ ٹیم ساتویں نمبر پر ہے اگر شاہین اس سیریز میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہیںتو پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوسکتی ہے۔