نواز شریف کی دماغی حالت قابل رحم ہے: شیخ رشید

نواز شریف کی دماغی حالت قابل رحم ہے: شیخ رشید


اسلام آباد (24 نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا سابق وزیراعظم نواز شریف کی دماغی حالت قابل رحم ہے۔ انہوں نے آج الزام لگایا ہے کہ آئندہ کا الیکشن دھاندلی کا ہوگا جس میں لاڈلے عمران خان کو جیتوایا جائے گا۔

24 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی دماغی حالت قابل رحم ہے، ان کو پتہ ہی نہیں چل رہا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ شریف فیملی نہیں چاہتی کہ ان کو عدالتوں سے سزا ہو، یہ ملک میں انتشار چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریف فیملی 2018 کے الیکشن کو کٹھائی میں ڈالنا چاہتی ہے، نواز شریف کی یہ سٹریٹجی ان کیلئے زہر قاتل ثابت ہوگی۔ نواز شریف جنرل ضیاء اُلحق کی پیداوار ہے، اگر وہ ان کی انگلی نہ پکڑتے تو نواز شریف گوالمنڈی میں ایک کونسلر بھی نہ بن پاتے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ کی 4 سالہ حکومت میں 35 ارب ڈالرز کا قرضہ لیا گیا، جبکہ ملک کی 70 سالہ تاریخ میں 46 ارب ڈالرز کا قرضہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں دھاندلی کا کوئی امکان نہیں اور چور جیلوں میں ہوں گے۔