پاکستان نیوی کا حربہ نیول کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان نیوی کا حربہ نیول کروز میزائل کا کامیاب تجربہ


کراچی (24 نیوز) پاکستان نیوی کا حربہ نیول کروز میزائل کا کامیاب تجربہ ، امیر البحر ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کا میزائل کرافٹ پی این ایس ہمت کی جانب سے کیے گئے اس میزائل تجربہ کا مشاہدہ، نیول فلیٹ کی آپریشنل صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق حرب کروز میزائل تجربہ پاکستان نیوی کا کسی بھی بحری جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپورصلاحیت کا اظہار ہے۔ میزائل مقامی طور پر پاکستانی سائنسدانوں نے تیار کیا ہے۔ یہ میزائل سطح آب سے سطح آب پر مار کرنے اور زمینی حملہ کی صلاحیت کا حامل ہے۔ میزائل نے اپنے ہد ف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا۔

فائرنگ کا یہ مظاہرہ پی این ایس عالمگیر سے فائر کیا گیا۔ نیول چیف نے ویپن فائرنگ کا یہ کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی فائر پاور کی قابل اعتماد صلاحیت کا مظہرقراردیا ہے۔

نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کا کہنا تھا کہ اندرون ملک دفاعی صلاحیتوں کو مزید فروغ دینے اور بیرونی ممالک پر انحصار کم سے کم کرنے کی ضرورت ہے۔ پاک بحریہ پاکستان کے بحری دفاع اور مفادات کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حربہ نیول ویپن سسٹم پر تحقیق کرنے والے تمام انجینئرز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت رکھنے والا ملک ہے جو دشمن کو نیست و نابود کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان نیوی کا حربہ نیول کروز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی طاقت میں اضافہ کی ایک اہم کڑی ہے۔