دھند نےقومی شاہراہوں اور موٹرویزکو بھی دھندلا دیا


لاہور(24نیوز)  قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر دھند کا راج برقرار،پنجاب اور خیبرپختونخواکے پیشتر  علاقوں میں مین شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی انتہائی سست روی کا شکار  ہوکررہ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے پیشتر علاقوں میں شدید دھندے نے ڈیرے ڈال لئے ہیں، ترجمان موٹروےپولیس لاہور کا کہنا تھا کہ مانگا منڈی، پتوکی رینالہ خورد، اوکاڑہ ،ساہیوال، ہڑپہ ،چیچہ وطنی ،میاں چنوں، خانیوال ،ملتان ،بہاولپور، مرید کے، کامونکی ،گوجرانوالہ شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، ملتان خانیوال موٹروےکو شدید دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا ، موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن شدید دھند کی وجہ سے  بند جبکہ پنڈی بھٹیاں فیصل آباد اور گوجرہ موٹروے بھی دھند کی وجہ سے بند کیاگیا۔

ملتان میں شدید دھند کے باعث شیر شاہ انٹر چینج تا شام کوٹ انٹر چینج خانیوال موٹروے ایم 4 بند کردی گئی،موٹروے کے مختلف سیکشنز میں حد نگاہ 10 سے 15 میٹر رہ گئی،ترجمان موٹر وے پولیس ملتان  نے ہدایات جاری کی ہیں کہ گاڑیوں کی ہیڈلائٹس کو lowبیم پر رکھیں،دھند میں وائپر کا استعمال کریں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اورسپیڈ کم رکھیں اوراپنی لین میں رہیں۔

 دوسری جانب خان پورشہر اور گردونواح میں شدید دھند  سےحد نگاہ 20 میڑ تک ہو کر رہ گئی، مین شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی انتہائی سست روی کا شکار  ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کو قافلے کی شکل میں مناسب فاصلہ رکھ کر چلنے کی ہدایت کی گئی ہے، اورفوک لائیٹ کا استعمال کرنے کی ہدایات  کی گئی ہیں، ٹریفک پولیس کا مزید کہنا تھا کہ شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

 علاوہ ازیں پشاورسےرشکئی تک دھندمیں کمی سےموٹروےکھول دی گئی، قبل ازیں دھند کی وجہ سےحد نگاہ 00سے30 میٹر تک ہو کر رہ گئی تھی، موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ شہری ہیلپ لائن 130، ہم سفر ایپ اور ایف ایم 95 سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں، ایف ایم ریڈیوسےتازہ ترین صورتحال ہر15 منٹ بعدبتائی جارہی ہیں، جبکہ موبائل فون ایپلی کیشن" این ایچ ایم پی ہمسفر"میں ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے۔