پارلیمانی اجلاس میں شرکت نہ کرنا بڑی خبر نہیں،نثار نے زبان کھول دی


اسلام آباد (24نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ ان کا پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنا کوئی خبر نہیں ہے کیونکہ وہ اس وقت بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے جب نواز شریف وزیر اعظم تھے۔

سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں گزشتہ 4 سال سے نہیں گئے، وہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اس وقت بھی نہیں گئے جب نواز شریف وزیر اعظم تھے، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنا اب کیسے ایشو بن گیا؟ یہ کوئی خبر نہیں ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ وہ کوئی کرکٹ نہیں کھیل رہے جو پارٹی میں فرنٹ یا بیک فٹ پر جائیں۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف اور چوہدری نثار کے درمیان تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں، گزشتہ دنوں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں چوہدری نثار شریک نہیں ہوئے جس کی وجہ سامنے آئی تھی کہ نوازشریف نے انہیں اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو نہیں کیا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں۔۔۔سینٹ انتخابات کیلئے چاروں صوبائی،قومی اسمبلیوں میں پولنگ جاری

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات ضرور ہوئی لیکن ووٹ ڈالنے کے معاملے پر بات نہیں ہوئی’ہماری بائی چانس (اچانک) ملاقات ہوئی‘۔

ہارس ٹریڈنگ کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ وہ اس معاملے سے لاعلم ہیں اور اگر ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے تو اس معاملے پر متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔