ملتان سلطانزکے سامنے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 102 رنز پر ڈھیر، عمران طاہر کی ہیٹ ٹرک

ملتان سلطانزکے سامنے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 102 رنز پر ڈھیر، عمران طاہر کی ہیٹ ٹرک


شارجہ (24نیوز)ملتان سلطانز کے باؤلرز کی شاندار پرفارمنس کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ لیگ اسپنر عمران طاہر نے ہیٹ ٹرک کی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور عمر امین نے اننگز کا آغاز کیا تاہم عمر امین چوتھے اوور میں سہیل تنویر کی گیند پر زوردار ہٹ لگانے کی کوشش میں 10 گیندوں پر 8 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رمیز راجہ جونیئر تھے جو ایک رن بنا کر جنید خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شین واٹسن تھے جو ساتویں اوور میں جنید خان کی گیند پر 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے ریلی روسو تھے جو شعیب ملک کی گیند پر کمار سنگاکارا کے ہوتھوں اسٹمپ ہوگئے۔

محمود اللہ بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 15 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔101 کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ کی چھٹی وکٹ محمد نواز کی صورت میں گری جس کے بعد کوئٹہ کے آگے آنے والے تمام بیٹسمین ایک کے بعد ایک پویلین لوٹتے گئے۔کوئٹہ کی آخری پانچ وکٹیں اسکور میں صرف ایک ہی رنز کا اضافہ کرسکیں۔

 عمران طاہر نے آخری تین بلے بازوں کو تین گیندوں پر آؤٹ کرکے اپنی ٹیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہوں نے حسان خان، جون ہیسٹنگز اور راحت علی کو آؤٹ کرکے اپنے مخصوص انداز میں جشن بھی منایا۔