حکومت نے پٹرول پر ٹیکس لگا کر ظلم کیا:خورشید شاہ


اسلام آباد( 24نیوز )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرول پر ٹیکس لگا کر ظلم کیا،افسوس کہ پارلیمنٹ میں وزیر اعظم تو ہیں لیکن وزراءنہیں ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر خزانہ کی تقریر سے غریب کا پیٹ بھر گیا، بجٹ کے بعد اب غریب آدمی کو کھانا کھانے کی ضرورت نہیں، حکومت نے غریب عوام پر ٹیکس کی بھرمار کردی ہے، سستی روٹی اچھا منصوبہ تھا، الیکشن جیتنے کے بعد کیوں بند کردیا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا کہ الیکشن میں جائیں گے تو ایک دوسرے کو ایسی سنائیں گے، توبہ نعوذ بااللہ، کبھی تو ہمیں بیٹھنا پڑے گا، اسپیکر ان سب مسائل کو دیکھیں۔انہوں نے کہا کہ آج اراکین کی حاضری دیکھ کر پارلیمنٹ کی بالادستی نظر آرہی ہے، 70سال کی تاریخ میں پارلیمنٹ کا ایسا حال نہیں دیکھا۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سیاست گندی نہیں، گندے لوگ سیاست کو گندا کرتے ہیں، بعض لوگوں نے سیاست اور سیاست دان کو گندا کردیا ہے، اب بچے اور بیوی بھی کہتے ہیں کہ سیاست گندا کام ہے چھوڑ دیں۔