ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور بونداباندی، سموگ کی شدت میں کمی



اسلام آباد(24نیوز) راولپنڈی،اسلام آباد اور لاہور میں بارش اوربونداباندی سے موسم سرد ہوگیا، اسموگ کی شدت میں بھی کمی آگئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں  بارش کی وجہ سے موسم میں تبدیلی آگئی، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسم  بارش کے بعد سرد ہو گیا،پہاڑی علاقوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ،ملکہ کوہسار، وادی کالام، ناران، مانسہرہ، شوگران میں برفباری سے سردی بڑھ گئی،  شندور میں برفباری کے باعث چترال اور گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

کشمیر،گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،ضلع مانسہرہ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پہ برفباری جاری ہے، تفریحی مقامات شوگران میں اب تک چار انچ جبکہ ناران میں ایک انچ تک برف پڑ چکی ہے،مانسہرہ میں بارش اور برفباری سے پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت منفی ڈگری تک گر گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بونداباندی کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، لوگوں نے گرم کپڑے اوڑ ھ لئے ہیں، محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہےجس سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔