شہر قائد میں پولیس انسپکٹر کی ٹارگٹ کلنگ

شہر قائد میں پولیس انسپکٹر کی ٹارگٹ کلنگ


کراچی( 24نیوز ) شہر قائد میں ایک اور پولیس اہلکار نامعلوم ملزمان کی گولی کا نشانہ بن گیا ، سہراب گوٹھ احسن آباد چوکی پر پانی پینے کے رکنے والے سب انسپکٹر کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا ، ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر کہتے ہیں حملہ آور دو تھے،  گولیوں کے 16 سے 18خول ملے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ایک اور پولیس اہلکار نامعلوم ملزمان کی گولیوں کا نشانہ بن گیا ،سہراب گوٹھ کے قریب احسن آباد پولیس چوکی کے قریب ملزمان نے فائرنگ کرکے ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر رفیق احمد کو شہید کردیا ، واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کئے، جبکہ شہید سب انسپکٹر کی میت کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر  کا کہنا تھا کہ شہید سب انسپکٹر رفیق اور اے ایس آئی عبدالحکیم موٹرسائیکل پر جارہے تھے، احسن آباد چوکی کے قریب  پانی پینے کے لئے روکے تو ملزمان نے نشانہ بنایا، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 18 خول ملے ہیں، حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی، ایک ہی موٹرسائیکل پر آئے تھے۔ واقعہ میں محفوظ رہ جانے والے اہلکار عبدالحکیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کے شہید افسر اور میرے پاس کوئی اسلحہ موجود نہیں تھا،125 سی سی موٹرسائیکل پر سوار ملزمان نے پینٹ شرٹ پہن رکھی تھی۔

دوسری جانب واقعہ کے بعد ایس ایس پی ٹریفک ملیر نے تمام حساس مقامات سے ٹریفک پولیس اہلکار کو ہٹادیا ہے، طاہر نورانی کہتے ہیں، ٹریفک جام کی شکایت پر شہید سب انسپکٹر احسن آباد کی طرف جارہے تھے، واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے۔