حکومتی اداروں پرنئےقرضوں کا بوجھ

حکومتی اداروں پرنئےقرضوں کا بوجھ


کراچی ( 24 نیوز ) حکومتی اداروں اور کارپوریشنوں کے مقامی بینکوں سے قرضے ساڑھے13 کھرب روپے سے تجاوزکر گئے، رواں مالی سال کے پہلے 11 ہفتوں کے دوران سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں نے بینکوں سے 61 ارب 36 کروڑ 80 لاکھ روپے کے نئے قرضے لیے۔

 تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کے مطابق یکم جولائی سے 15 ستمبر تک سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں نے بینکوں سے مجموعی طور پر 61 ارب 36 کروڑ 80 لاکھ روپے کے نئے قرضے لیے، جس کے باعث واپڈا، پی آئی اے، پاکستان اسٹیل، او جی ڈی سی اور دوسرے سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں کی طرف سے مقامی بینکوں سے لیے گئے قرضوں کا مجموعی حجم 13 کھرب 60 ارب 87 کروڑ روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، جو جی ڈی پی کے 3.2 فیصد سے زیادہ ہے۔

جبکہ سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں کی طرف سے لیے گئے 325 ارب 20 کروڑ روپے کے بیرونی قرضے ان کے علاوہ ہیں، رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ مقروض پی آئی اے ہے جس کا اندرونی قرضہ 146 ارب روپے سے زیادہ ہے، واپڈا مقامی بینکوں کی 132 ارب روپے اور پاکستان اسٹیل 43 ارب 20 کروڑ روپے کی مقروض ہے۔