معافی مانگ کر دوبارہ بیان بازی


اسلام آباد(24نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری مشاہد اللہ خان پر پھٹ پڑے،انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو لٹیروں کے احتساب کیلئے ووٹ ملا، سمجھوتوں کیلئے نہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سینیٹ چئیرمین کی درخواست پر ایوان سے معذرت تو کرلی تاہم باہر آکر اپنے ہی بیان سے مکر گئے، انھوں نے کہا کہ کسی پر ہاتھ ڈالتے ہیں تواس کا استحقاق مجروح ہو جاتا ہے، قومی خزانے کوامانت سمجھتے ہیں، قومی دولت لوٹنے والوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ مشاہد اللہ خان جیسے لوگوں کی وجہ سے سیاست دانوں کی عزت نہیں ہے۔ مشاہد اللہ خان پی آئی اے میں لوڈر بھرتی ہوئے، مشاہد اللہ خان کے خاندان کے متعدد افراد بھی خلاف قواعد پی آئی اے میں بھرتی ہیں۔

وزیراطلات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو لٹیروں کے احتساب کیلئے ووٹ ملا، سمجھوتوں کیلئے نہیں، کسی پر ہاتھ ڈالتے ہیں تو اس کا استحقاق مجروح ہو جاتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے بھی حقائق بیان کرنے سے روکا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز دو سو ارب روپے جبکہ پی آئی اے تین سو چھپن ارب روپے کے نقصان میں ہے جبکہ ریڈیو پاکستان سالانہ پانچ ارب سے زائد خرچ کر رہا ہے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔