پڑھے لکھے ٹریفک وارڈن نے ساتھی کے ساتھ طالب علم کی دھلائی کر ڈالی


 لاہور (24 نیوز): پڑھے لکھے ٹریفک وارڈن کا رویہ تبدیل نہ ہو سکا پرانی انارکلی کے باہر وارڈن نے اپنے ساتھی کے ساتھ طالب علم کی دھلائی کر ڈالی۔

 

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے پرانی انارکلی چوک میں دو ٹریفک وارڈنز نے معمولی غلطی پر ایک طالب علم کو سرعام مار مار کر اس کا برا حال کر دیا۔ متاثرہ طالب علم کا کہنا تھا کہ وہ دوست کے ساتھ اپنے بیمار والد کے لیے دوا لے کر جا رہا تھا، وارڈنز نے روکا اور ڈرائیونگ لائسنس طلب کیا، اس نے کہا کہ والد ہسپتال میں ہیں، ان کی دوا لے کر جا رہے ہیں، تاہم وارڈنز نے طالب علموں کی ایک نہ سنی جس کے بعد بات بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وارڈنز ایک طالب علم کو مار رہے ہیں جبکہ اس کا ساتھی اسے چھڑا رہا ہے، پھر لوگ اکٹھے ہوتے ہیں اور طالب علموں کی جان چھڑانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن وارڈنز طالب علموں کو لے جا کر اپنے دفتر میں بند کر دیتے ہیں۔

 

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او نے ایس پی ٹریفک سٹی کو انکوائری کی ہدایت کر دی۔